
وفاقی وزارت تجارت نے ڈاکٹر خالد امین شیخ کو تاجکستان بھیجنے پر ایف پی سی سی آئی (فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری) سے وضاحت طلب کر لی۔ ڈاکٹر خالد امین شیخ نے تاجکستان میں پاک تاجک بزنس کونسل اجلاس کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کے تنقیدی اشعار پڑھے تھے ۔
وفاقی وزارت تجارت کی جانب سے ایف پی سی سی آئی کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر خالد امین شیخ کا اجلاس کے دوران رویہ سخت ناپسندیدہ تھا، وہ پاک تاجک بزنس کونسل اجلاس کے دوران ملکی سبکی کا باعث بنے۔ بتایا جائےکہ ڈاکٹر خالد کو بزنس کونسل کے اجلاس کے لیے کس نے منتخب کیا؟ ڈاکٹر خالد کو اجلاس کے لیے منتخب کرنے کے پیچھے کیا ایجنڈا ہے؟
وزارت کی جانب سے نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر خالد نے اجلاس میں نجی یونیورسٹی کے جھنڈے میز پر رکھے ہوئے تھے۔ معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ایف پی سی سی آئی ناصر حیات مگوں نے بتایا کہ وزارت تجارت کا نوٹس موصول ہوا ہے، اس مراسلے کا جواب آئندہ ہفتے دیں گے۔
انہوں نے تصدیق کی کہ پاک تاجک بزنس کونسل اجلاس میں شاعری کرنے والے خالد امین شیخ باقاعدہ طور پر ایف پی سی سی آئی کے 20 سال سے رکن ہیں اور ٹیکسٹائل کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔ لیکن انہوں نے تقریب میں جو کہا وہ ذاتی حیثیت میں کہا۔
یاد رہے کہ پاک تاجک بزنس کونسل اجلاس دوشنبے میں 16 ستمبرکو منعقد ہوا تھا، اجلاس کے بعد ڈاکٹر خالد امین شیخ نےکہا کہ حکومت پاکستان پبلک سیکٹر کے بچوں کو اسکالر شپ دے رہی ہے لیکن یہ اسکالر شپ پرائیویٹ سیکٹر کے بچوں کو نہیں دی جارہیں، میری مشیرِ تجارت و سرمایہ کاری رزاق داؤد اور وزیراعظم پاکستان عمران خان سے گزارش ہے کہ وہ اس پر بھی غور کریں۔
ڈاکٹر خالد امین نے ایک شعر سناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کہہ رہا ہے:
کچھ اپنے بھی دل پر زخم کھاؤ، میرے لہو کی بہار کب تک
مجھے سہارا بنانے والوں میں لڑکھڑایا تو کیا کرو گے؟
انہوں نے مزید کہا کہ آخر میں عمران خان صاحب آپ کے لیے ایک شعر ہے اتنے ظالم نہ بنو ،عمران بھائی آپ کے لیے ،آپ تو اب ایک قیدی ہوگئے، جب کنٹینر پر تھے تو زبردست تھے ، اب تو پتہ نہیں کن کے چکروں میں آپ آگئے ہیں، وہ کہتا ہے کہ
"اتنے ظالم نہ بنو کچھ تو مروت ہی سیکھو"
شاعر کی جانب سے تنقیدی شعر و شاعری کرنے کے دوران رزاق داؤد نے ہاتھ کے اشارے سے انہیں روکنے کی کوشش کی اور پھر سرکاری ٹی وی کی آواز بند کر دی گئی۔
بعد ازاں عمران خان نے کہا کہ سوال و جواب میں بزنس کی باتیں کریں، شعر و شاعری بعد میں ہوگی۔
- Featured Thumbs
- https://i.imgur.com/h4Kbz2b.jpg