بی سی سی آئی کا آئی پی ایل کیلئے غیر ملکی بورڈز پر دباؤ

screenshot_1747155604193.png


پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، تاہم کئی غیر ملکی کھلاڑی اب بھی بھارت واپسی کے حوالے سے سکیورٹی خدشات کا سامنا کر رہے ہیں اور انہیں آئی پی ایل میں شرکت کے لیے ہچکچاہٹ محسوس ہو رہی ہے۔


بھارتی میڈیا کے مطابق، بی سی سی آئی نے غیر ملکی بورڈز پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ہے تاکہ وہ اپنے کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں شرکت کے لیے واپس بھیجیں۔ بھارتی بورڈ نے آئی پی ایل انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ مختلف غیر ملکی بورڈز سے رابطہ کریں تاکہ کھلاڑیوں کے خدشات دور کیے جا سکیں۔


بی سی سی آئی نے آئی پی ایل کے چیف آپریٹنگ آفیسر کو آسٹریلیا، انگلینڈ اور دیگر کرکٹ بورڈز سے انفرادی طور پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھارت واپس آنے کے لیے راضی کیا جا سکے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں کے مطابق، فرنچائزز اپنے کھلاڑیوں سے براہ راست بات چیت کر رہی ہیں تاکہ وہ آئی پی ایل میں دوبارہ شرکت کے لیے تیار ہو سکیں۔


دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے بھی اپنے کھلاڑیوں کو بھارت واپس جانے یا نہ جانے کے فیصلے میں مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔ آسٹریلوی بورڈ کے مطابق، وہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی تیاریوں کے حوالے سے ٹیم منیجمنٹ کے ساتھ مشاورت کر رہے ہیں اور کھلاڑیوں کی واپسی سے پیدا ہونے والے اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ آسٹریلوی حکومت اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بھی رابطے جاری ہیں۔


یاد رہے کہ 9 مئی کو آئی پی ایل کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا گیا تھا اور اس کے بعد کئی غیر ملکی کرکٹرز اپنے وطن واپس جا چکے تھے۔ تاہم، 17 مئی سے آئی پی ایل دوبارہ شروع ہونے کا اعلان کیا گیا ہے، اور ایونٹ کا فائنل 3 جون کو ہوگا۔ اس کے بعد 11 جون کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل بھی کھیلا جائے گا۔
 

Back
Top