
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے موجودہ سیاسی صورتحال پر مبہم سا تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی تو کچن میں سامان اکھٹا کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ ق کے مرکزی چوہدری پرویز الہیٰ نے ایم کیوایم پاکستان کے وفد سے ملاقات کی جس کی قیادت سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان کررہے تھے، ملاقات کے بعد چوہدری پرویز الہیٰ نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیانات سے تو یہی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ابھی تو کچن میں سامان جمع کیا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم عوام کی مسائل ، مشکلات اور تکالیف حکومت تک پہنچانے کا کام کرتے ہیں ، ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے آج کی ملاقات بھی اسی حوالے سے تھی، جہاں غلطیاں ہوتی ہیں اس کی نشاندہی کرتے ہیں۔
پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے حالیہ ملاقات کے حوالے سے سوال کے جواب میں چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کیلئے گھر آرہا ہوں اور وہ آگئے، ہم تو اپوزیشن کو بھی ساتھ لے کر چلتے ہیں ۔
تحریک عدم اعتماد سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں جواب تو اپوزیشن ہی دے سکتی ہے ، ہم ہروقت عوام کا سوچتے ہیں۔
اس موقع پر ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر عامر خان کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کیلئے تشریف لائے ہیں،ہم سیاسی لوگ ہیں جن کے الگ الگ نظریات ہیں تاہم سیاست میں ایک دوسرے سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، آصف علی زرداری سے ملاقات بھی ایک اچھی بات ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9pervaielahikitchen.jpg