
امریکا کا بھارت پر زور: پاکستان کے ساتھ مل کر کشیدگی کم کرے، مارکو روبیو کی سفارتی سرگرمیاں
امریکا نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کشیدگی کم کرنے کی کوشش کرے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اس حوالے سے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف اور بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک گفتگو کی۔
مارکو روبیو نے بھارتی وزیر خارجہ سے بات کرتے ہوئے پہلگام حملے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے خلاف بھارت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے امریکی عزم کا اعادہ کیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس کے مطابق، وزیر خارجہ نے بھارت پر زور دیا کہ وہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعمیری انداز میں کام کرے تاکہ جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ وزیر اعظم نے اس گفتگو میں جنوبی ایشیا کی حالیہ صورتحال پر پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی ہے اور ملک کو 152 ارب ڈالر سے زائد کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔
مارکو روبیو نے اس موقع پر اس بات پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے دونوں ممالک کو باہمی تعاون اور بات چیت جاری رکھنی چاہیے۔
- Featured Thumbs
- https://i.postimg.cc/kgNgMsKK/shehbaz-usa-call.jpg