
نئی دہلی: بھارت نے پاکستان کی بین الاقوامی تجارت پر ایک اور سنگین حملہ کرتے ہوئے پاکستانی کنٹینرز لے کر بھارتی بندرگاہوں پر لنگر انداز ہونے والے تیسرے ملکوں کے پرچم بردار بحری جہازوں کو بھی اپنی بندرگاہوں پر لنگر انداز ہونے سے روک دیا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے بھارت نے پاکستان کی ایکسپورٹ کو مزید متاثر کرنے کی کوشش کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت نے نیا ہتھکنڈا اختیار کرتے ہوئے نہ صرف پاکستانی درآمدات پر پابندی لگائی، بلکہ اب وہ ایسے تیسرے ملکوں کے جہازوں کو بھی اپنی بندرگاہوں پر برتھ دینے سے انکار کر رہا ہے، جو پاکستانی کارگو لے کر آ رہے ہیں۔
خاص طور پر، بھارت نے آئی ای ایکس نامی شپنگ کمپنی کے کنٹینرز بردار بحری جہاز کو اپنی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے کی اجازت نہیں دی۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی پاکستانی کارگو کو لے جانے والے جہاز کو بھارت کی بندرگاہوں پر برتھ فراہم نہیں کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق، بھارتی حکومت کے اس اقدام سے نہ صرف پاکستان کی تجارت پر اثر پڑے گا، بلکہ اس کا اثر خطے کی لاجسٹکس اور بین الاقوامی شپنگ انڈسٹری پر بھی پڑے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی کارگو لے جانے والے جہازوں کو اب خصوصی سروسز کا آغاز کرنا پڑے گا، تاکہ بھارت کی بندرگاہوں کے استعمال سے بچا جا سکے۔
پاکستانی حکام کے مطابق، اس صورتحال کے پیش نظر پاکستان کو ایسی شپنگ سروسز کی ضرورت ہوگی جو بھارت کی بندرگاہوں کا استعمال نہ کرتی ہوں، تاکہ پاکستانی ایکسپورٹ اور امپورٹ کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
پاکستانی حکومت نے بھارت کے اس اقدام کی سخت مذمت کی ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے کی جانے والی اس غیر قانونی تجارت کی رکاوٹ کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔