برطانیہ سے تعلق رکھنے والے عالمی دفاعی تجزیہ پروفیسر کار مائیکل کلارک نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ’کریڈیبلیٹی‘ کی جنگ تھی، پاکستان نے بھارت کے ساتھ جنگ میں جو ہتھیار استعمال کیے، ان سے بھارت حیران ضرور ہوا ہوگا۔
اسکائی نیوز کو ایک انٹرویو کے دوران پروفیسر مائیکل کلارک نے کہا کہ پاکستان چین سے خریدے گئے ایچ کیو 9 ایئر ڈیفنس سسٹم، جے 10 سی جنگی طیارے استعمال کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جے 10 سی کے ذریعے ممکنہ طور پر بھارت کے زیر استعمال فرانسیسی لڑاکا طیارے رافیل کو گرایا گیا ہے، چین کا ایئر ڈیفنس سسٹم (جو اینٹی ایئر کرافٹ میزائلوں کو گرانے کی صلاحیت رکھتا ہے) بھی پاکستان کے لیے کارآمد ثابت ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کی تکنیکی صلاحیتوں، اور جنگ میں استعمال کیے گئے ملٹری ہارڈویئر پر حیرت ہوئی ہوگی، پاکستان کی مسلح افواج کو خطے میں کافی اثر و رسوخ حاصل ہے۔
برطانوی تجزیہ کار نے مسئلہ کشمیر کو دونوں ملکوں کے مابین تنازع کی اہم وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ریفرنڈم ’آزادی‘ کے لیے اتنا آسان نہیں ہوگا، نریندر مودی کبھی بھی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بات کرنے میں دلچسپی نہیں دکھائیں گے، مقبوضہ کشمیر میں اکثریت مسلمانوں کی ہے، پاکستان کے زیر انتظام آزد کشمیر میں 98 فیصد مسلمان بستے ہیں۔
مائیکل کلارک نے کہا کہ دونوں ملکوں نے جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کردی، جو بظاہر بہت مشکل دکھائی دے رہا تھا، اس میں امریکی وزیر خارجہ مائیکو روبیو کا اہم کردار تھا۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں ایٹمی قوتوں کے حامل روایتی حریفوں کے مابین جنگ بندی عالمی برادری کے لیے اطمینان بخش پیش رفت ہے۔
یاد رہے کہ مائیکل کلارک برطانیہ سے تعلق رکھنے والے تاریخ دان ہیں، جو دفاعی مطالعہ میں بھی مہارت رکھتے ہیں، وہ 2007 سے 2015 تک رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر رہے۔
مائیکل کلارک 2022 میں روسی حملے کے آغاز سے یوکرین میں وہ اسکائی نیوز کے سیکیورٹی اور دفاعی تجزیہ کار کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

بھارت جنگ میں استعمال کیے گئے پاکستانی ہتھیاروں سے ضرور حیران ہوا ہوگا، مائیکل کلارک
دونوں ملکوں میں ’کریڈیبلیٹی‘ کی جنگ تھی، ممکنہ طور پر جے 10 سی کے ذریعے رافیل گرایا گیا، پاکستان کیلئے ایچ کیو 9 ایئر ڈیفنس سسٹم بھی کار آمد رہا، برطانوی دفاعی تجزیہ کار
www.dawnnews.tv