
وزیر اعظم نریندر مودی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کو دوبارہ ہیک کرلیا گیا جس پر بھارتی حکومت کو ٹوئٹر انتظامیہ سے اکاؤنٹ کی بحالی کی درخواست کرنا پڑی۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ رات گئے ہیک کیا گیا تاہم ہیک ہونے کے کچھ ہی دیر بعد اکاؤنٹ کو بحال بھی کردیا گیا۔ نریندر مودی کے آفس سے ہیکنگ کے متعلق ٹوئٹر پیغام بھی ارسال کیا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بھارتی وزیر اعظم کے آفس نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو بہت کم وقت کیلئے ہیک کیا گیا تھا۔

بھارتی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری کیے گئے پیغام میں کہا گیا مذکورہ معاملہ فوری طور پر ٹوئٹر انتظامیہ تک پہنچایا گیا جس نے فوری طور پر اکاؤنٹ محفوظ کر لیا۔ اس دوران اگر کوئی پیغامات ارسال کیے گئے ہوں تو انہیں نظر انداز کریں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیک کیے جانے کے بعد سے نریندر مودی کی طرف سے کوئی ٹوئٹر پیغام ارسال کیے جانے کی اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔ نہ ہی ہیکرز کے حملے سے کوئی اور بھارتی اکاؤنٹ متاثر ہوا۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے گزشتہ برس ستمبر میں نریندر مودی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو ہیک کیا گیا تھا۔ تب ہیکرز نے ٹوئٹر پیغامات میں کرپٹو کرنسی کے ذریعے مالی فنڈز دینے کی درخواست بھی کی تھی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/modi-twitter-hacked11.jpg