محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب کی طرف سے صوبے بھر کے سکولز میں بچوں کو ہفتہ وار 2 چھٹیاں دینے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو ہفتہ وار 2 چھٹیاں دینے کا اعلان کر دیا ہے جس کیلئے باضابطہ طور پر نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ پنجاب کے سکولوں میں ہفتہ وار 2 چھٹیوں کے فیصلے کا اطلاق 15 اگست 2024ء سے چھٹیاں ختم ہونے پر سکول کھلنے پر ہو گا۔
ذرائع کے مطابق سکولوں میں ہفتہ اور اتوار کے دن بچوں کو چھٹیاں دینے کا فیصلہ اساتذہ پر کام کے بوجھ میں کمی لانے کے لیے کیا گیا ہے، موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد 15 اگست کو سکول کھلنے پر بچوں کو ہفتہ اور اتوار کی چھٹی ہو گی جبکہ پیر سے جمعۃ المبارک کے دنوں میں تعلیم دینے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب کی طرف سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن میں سکولوں کے اوقات کار بھی جاری کیے گئے ہیں جس کے مطابق سنگل شفٹ سکولوں میں طلباء وطالبات کے لیے سوموار تا جمعرات 8 بجے سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک تعلیم دی جائے گی جبکہ جمعۃ المبارک کے دن صبح 8 بجے سے 12 بجے تک بچوں کو تعلیم دینے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق ڈبل شفٹ سکولوں میں سوموار سے جمعرات تک سکول صبح 8 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ جمعۃ المبارک کے دن مارننگ شفٹ کی ٹائمنگ 8 بجے سے 12 بجے تک ہو گی۔ سکولوں میں سیکنڈ شفٹ کے اوقات کار سوموار سے جمعرات اڑھائی بجے سے ساڑھے 5 بجے جبکہ جمعۃ المبارک کے دن اڑھائی بجے سے 6 بجے تک ہوں گے۔