
پاکستان کے دفتر خارجہ نے بنوں کنٹونمنٹ حملے پر افغان ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو طلب کرکے احتجاجی مراسلہ تھمادیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بنوں چھاؤنی حملے پر افغان سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا ہے اور انہیں احتجاجی مراسلہ دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مراسلے میں بنوں میں 15 جولائی کو ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے، حملے میں 8 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ کئی زخمی ہوئے، یہ حملہ افغانستان میں موجود حافظ گل بہادر گروپ کی جانب سے کیا گیا، افغان حکومت سے واقعہ کی مکمل تحقیقات کروانے کا مطالبہ کرتے ہیں ، افغان حکومت ذمہ داروں کے خلاف فوری اور موثر کارروائی عمل میں لائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ حافظ گل بہادر گروپ اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان مل کر پاکستان میں کئی دہشت گرد حملوں کرچکے ہیں، ایسے حملوں میں سینکڑوں سیکیورٹی اہلکار اور عام شہری شہید ہوچکے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے اور اپنی سلامتی برقرار رکھنے کے عزم پر ثابت قدم ہے، افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی پر شدید تحفظات ہیں، ایسے حملے دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات کی روح کے منفی ہیں، بنوں حملہ علاقائی امن وسلامتی کو درپیش دہشت گردی کے سنگین خطرے کی یاددہانی کرواتا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/7mofikjsjdhhhsks.png