
وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے غیر ملکی دوروں اور حکومت کی جانب سے بلوں کی ادائیگی کو اپنا حق قرار دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ان دنوں دورہ امریکہ پر موجود ہیں، دورے کے دوران وفاقی وزیر خارجہ نے گزشتہ روز پاکستانی سفارتخانے میں ایک پریس کانفرنس کی اور کہا کہ میں ملک کا پہلا وزیر خارجہ ہوں جو اپنے غیر ملکی دوروں کے دوران ہوٹل کا بل خود ادا کررہا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاہم اگر یہ بل حکومت بھی ادا کررہی ہوتی تو یہ میرا حق ہے، کیونکہ میں ملک کا وزیر دفاع نہیں وزیر خارجہ ہوں، میرے غیر ملکی دوروں سے میرا ذاتی کا کوئی فائدہ نہیں ہے،ان دوروں سے پاکستان اور پاکستانی عوام کا فائدہ ہوا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنے دوروں کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کون کون سی کامیابیاں بتاؤں، میری محنت کی بدولت پاکستان فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے نکل کر وائٹ لسٹ میں آیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے اوپر کام کے شدید دباؤ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ باقی جو لوگ غیر ملکی دوروں پر نکلتے ہیں وہ تو شائد چھٹیاں منانے جاتے ہیں ، مجھے تو گدھوں کی طرح چلایا گیا ہے لیکن میں خوش ہوں کہ میری اس محنت کا فائدہ میری قوم کو ہوا ہے، صرف پاکستان گرے لسٹ سے نہیں نکلا بلکہ ملک کو معاشی طور پر بھی فائدہ پہنچا ہے، آج ہم جی 77 یعنی دنیا کے تمام ترقی پزیر ممالک پر مشتمل اتحاد کی سربراہی کررہے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/bilaj1j11.jpg