
القادر ٹرسٹ کیس اور توشہ خانہ ریفرنسز میں بشریٰ بی بی کو بڑا ریلیف مل گیا ہے،عدالت نے ضمانتوں میں توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے 190 ملین پاؤنڈ القادر یونیورسٹی کیس اور توشہ خانہ ریفرنسز پر سماعت کی، اس موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔
دوران سماعت نیب ٹیم نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین نیب نے بشریٰ بی بی کی گرفتاری کیلئے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیے ہیں، ان کی فوری گرفتاری کا فی الحال کوئی امکان نہیں ہے۔
وکیل صفائی نے عبوری ضمات کی درخواستیں واپس نا لیتے ہوئے موقف اپنایا کہ یا تو نیب عدالت میں عدم گرفتاری کا بیان دے یا عدالت ضمانت دے، ہر تاریخ پر پیشی کیلئے اگر ضمانتی مچلکے درکار ہیں تو ہم وہ بھی جمع کروانے کیلئے تیار ہیں۔
عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانتوں میں 13 دسمبر تک توسیع دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی اور فریقین کے وکلاء کو آئندہ سماعت پر دلائل کی تیاری کے ساتھ عدالت آنے کی ہدایات جاری کیں۔
سماعت کے اختتام پر عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، بہن علیمہ خان، دیگر قریبی رشتہ داروں اور وکلاء ٹیم سے ملاقات بھی کی۔