بزرگ شہریوں کے لیے چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی متعارف

Nadra.jpg

نادرا نے بزرگ شہریوں کے لیے چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔۔۔

نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے بزرگ شہریوں اور پنشنرز کی سہولت کے لیے چہرے کی شناخت کی جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا ہے جب پاکستان بھر میں فنگر پرنٹ کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق کی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ نادرا نے حال ہی میں ایک سے زائد انگلیوں کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق کا عمل بھی شروع کیا تھا۔

نادرا کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، ایک اہم مشاورتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزارت داخلہ، اسٹیٹ بینک، سیکیورٹی ایکسچینج کمپنی آف پاکستان (ایس ای سی پی) اور پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سمیت کئی دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران موجودہ بائیو میٹرک نظام میں آنے والی مشکلات پر بات چیت کی گئی اور نئی ٹیکنالوجی کے متعارف ہونے کا اعلان بھی کیا گیا۔

نادرا کے چیئرمین نے بتایا کہ بعض بزرگ افراد کی عمر کے باعث ان کی انگلیوں اور انگوٹھوں کے نشانات درست طور پر نہیں لیے جا سکتے، جس کی وجہ سے ان کی بائیو میٹرک تصدیق میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

چیئرمین نے مزید کہا کہ یہ سہولت 15 جنوری 2025 سے نادرا کی ایپلی کیشن "پاک آئی ڈی" اور نادرا سینٹرز پر فراہم کی جائے گی۔ توقع کی جا رہی ہے کہ چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی کے نادرا سینٹرز میں کامیاب تعارف کے بعد اسے بینکوں اور دیگر اداروں میں بھی اپنایا جائے گا۔

یہ جدید ٹیکنالوجی خاص طور پر بزرگ شہریوں اور ان افراد کے لیے متعارف کی جا رہی ہے جنہیں فنگر پرنٹ کے ذریعے تصدیق میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے، جس سے ان کی زندگی صورتحال میں آسانی آئے گی۔​
 

Back
Top