
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما کنور نوید جمیل جو برین ہیمرج کے باعث گزشتہ دو ماہ سے کومہ میں تھے اور اسپتال میں زیر علاج تھے وہ اب ہوش میں آ گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے کنور نوید جمیل کو ہوش آ گیا ہے، کومہ سے باہر نکلنے پر انہیں نجی اسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔کنور نوید کی دیکھ بھال کرنے والے ڈاکٹروں نے انہیں انفیکشن پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر ایم کیو ایم رہنما کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی سے نہ ملیں۔
نجی اسپتال کی جانب سے کنور نوید جمیل کی مکمل صحتیابی تک نرسنگ اسٹاف بھی مہیا کیا گیا ہے۔ جو کہ اس بات کو بھی یقینی بنائے گا کہ کنور نوید جمیل ڈاکٹر کی ہدایات پر عمل کریں اور مکمل بیڈریسٹ کریں گے۔
یاد رہے کہ کنور نوید جمیل کو جون کے آخری ہفتے میں طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے برین ہیمرج کی تشخیص کی تھی۔ انہوں نے طبیعت خراب ہونے سے ایک روز قبل سندھ اسمبلی کے اجلاس میں بھی شرکت کی تھی۔