
برطانوی رائل کورٹس آف جسٹس میں پاکستانی نژاد پہلی مسلمان لارڈ چانسلر شبانہ محمود نےقرآن پاک پر حلف لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے رائل کورٹس آف جسٹس میں ایک تاریخی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں جہلم سے تعلق رکھنے والی پاکستانی نژاد رکن پارلیمنٹ شبانہ محمود نے بطور مسلمان خاتون لارڈ چانسلر حلف اٹھایا، شبانہ محمود نے حلف اٹھانے کیلئے قرآن مجید پر ہاتھ رکھا۔
تقریب کی صدر برطانیہ کی پہلی خاتون چیف جسٹس ڈیم سوکار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ایک ٹرپل فرسٹ سے عبارت ہے، آج ایک پہلی خاتون لارڈ چانسلر نے پہلی بار قرآن پر حلف لیا اور تاریخ میں پہلی بار ایک خاتو چیف جسٹس نے لارڈ چانسلر سے حلف لیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹرپل فرسٹ کا سنگ میل ہمارے آئین کے مستقل ارتقاء کی نمائندگی کرتا ہے جو ہمارے اس معاشرے کی عکاس ہے جس کی وہ خدمت کرتے ہیں۔
برطانیہ کی پہلی خاتون لارڈ چانسلر کا عہدہ حاصل کرنے والی شبانہ محمود نے برمنگھم میں اپنے والدین کی دوکان پر کام کرنے سے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا اور پھر وکالت کے شعبے میں اپنی جڑیں مضبوط کرنا شروع کردیں، انہوں نے حلف اٹھانے کے بعد اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شعبے میں اولین ہونا ایک استحقاق اور ذمہ داری دونوں سے مبرا نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں وہ پہلی لارڈ چانسلر ہوں جو اردو بول سکتی ہوں، میرے اس اعزاز کے حاصل کرنے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ موجودہ دور کےقدیم ترین عہدے بھی ہم سب کی پہنچ میں ہیں۔
شبانہ محمود کے بطور لارڈ چانسلر حلف اٹھانے پر جہلم سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شبانہ کے خاندان نے برطانیہ ہجرت کی اور سخت محنت اور حوصلہ مندی سے ایک اہم عہدہ حاصل کیا، ان کا یہ اعزاز جہلم کے عوام کیلئے قابل فخر لمحہ ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/1shabananmahommoath.png