
بدترین مالی بحران کا شکار پی آئی اے کو 16 روز میں ساڑھے 8 ارب کا نقصان
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی) کو بدترین مالی بحران کے دوران 16 روز میں مزید ساڑھے 8ارب روپے کا نقصان ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل اور پی آئی اے کے درمیان روزانہ کی بنیاد پر ادائیگی کے معاہدے کےبعد پی ایس او کی جانب سے محدود ایندھن ملنے کی وجہ سے قومی ایئر لائنز کی متعدد پروازیں منسوخ ہونے کے باعث 16 روز میں ہونے والا نقصان ساڑھے 8 ارب تک پہنچ گیا ہے۔
آج بھی پی آئی اے کی جانب سے ملک بھر کی تقریبا 18 پروازیں منسوخ کی گئیں، جن میں کراچی سے جانے والی 2 طرفہ 12 پروازیں شامل ہیں، اس کے علاوہ کراچی سے لاہور کی 4 دوطرفہ پروازیں، کراچی سے لاہور کی پرواز پی کے302 اور لاہور سے کراچی کی پرواز پی کے 303 منسوخ کی گئیں۔
اس کے ساتھ ساتھ کراچی سے اسلام آباد کی 4 دوطرفہ پروازیں، کراچی سے فیصل آباد کی دو طرفہ پروازیں اور کراچی سے مسقط کی دو طرفہ پروازیں منسوخ ہوئیں، پشاور سے دبئی ، ابوظبی اور شارجہ کی پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں، کراچی سے سوئی جانے والی پرواز دو گھنٹے تاخیر کے باعث دوپہر 12 بجے شیڈول کی گئی۔
اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 16 روز میں پی آئی اے کی منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد 340 ہوگئی ہے جس سے ایئر لائنز کو ساڑھے 8 ارب روپے کا نقصان ہوچکا ہے، پی آئی اے ترجیحی پروازوں کیلئے پی ایس او سے کیش پر ایندھن خرید کر فلائٹ آپریشن برقرار رکھے ہوئے ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/piach11i1h.jpg