
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و کوچ انضمام الحق نے انکشاف کیا ہے کہ قومی ٹیم کے سابق کوچ باب وولمر نے انتقال سے چار روز قبل اسلام قبول کرلیا تھا۔
سماء نیوز کی رپورٹ کے مطابق انضمام الحق لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے ، انہوں نے کہا کہ اپنی وفات سے چار روز قبل قومی ٹیم کے سابق کوچ رابرٹ اینڈریو وولمر نے کلمہ شہادت پڑھ لیا تھا۔
انہوں نے کہا باب وولمر نے ہم سے پوچھا تھا کہ کوئی غیر مسلم کیسے اسلام کے دائرے میں داخل ہوسکتا ہے جس پر انہیں بتایا گیا کہ وضو(غسل ) کرنے کے بعد کلمہ شہادت پڑھا جاتا ہے، باب وولمر کو سابق اسپنر مشتاق احمد نے کلمہ پڑھ کر سنایا ۔
انضمام الحق نے کہا کہ باب وولمر نے مشتاق احمد سے کہا کہ ذرا آرام سے پڑھیں جس پر مشتاق احمد نے آرام آرام سے کلمہ پڑھا جسے سن کر باب وولمر نے کلمہ شہادت کو دہرایا۔
سابق کپتان انضمام الحق نے کہا کہ اب اس سارے معاملے میں علمائے کرام بہتر روشنی ڈال سکتے ہیں کہ کیا باب وولمر دائرہ اسلام میں داخل ہوچکے تھے یا نہیں اور کلمہ پڑھنے کے بعد کیا ان کا شمار مسلمانوں میں کیا جاسکتا ہے یا وہ غیر مسلم تھے، حقیقت یہ ہے کہ وہ کلمہ شہادت اپنی زبان سے ادا کرچکے تھے۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ باب وولمر 2007 کے ورلڈ کپ کے دوران قومی ٹیم کی آئرلینڈ سے شکست کے چند گھنٹوں بعد انتقال کرگئے تھے، ان کا تعلق انگلینڈ سے تھا اور 19 ٹیسٹ اور 6 ون ڈے میچز میں انگلینڈ ٹیم کی نمائندگی کی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/inzimam.jpg