
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران بابر اعظم کو ٹیم سے ڈراپ کرنے کے فیصلے پر سوشل میڈیا پوسٹ کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ شوکاز نوٹس کا جواب جمع کروا دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، فخر زمان نے شوکاز نوٹس کا تحریری جواب پی سی بی کو بھیج دیا ہے، اور پی سی بی اب اس جواب کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کرے گا کہ آیا فخر زمان کو دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹیم میں شامل کیا جائے یا نہیں۔
یاد رہے کہ فخر زمان نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بابر اعظم کو ڈراپ کرنے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ایکس' پر بیان جاری کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ "بابر اعظم کو ڈراپ کرنے کی باتیں سننا حیران کن ہے۔ بھارت نے ویرات کوہلی کو 2020 سے 2023 کے دوران ان کے مشکل وقت میں ڈراپ نہیں کیا، حالانکہ ان کی اوسط بھی اس دوران کم تھی۔"
فخر زمان نے مزید کہا تھا کہ "اگر ہم اپنے بہترین بلے باز بابر اعظم کو سائیڈ لائن کرنے کی سوچ رہے ہیں، جو یقیناً پاکستان کے عظیم ترین بلے بازوں میں شامل ہیں، تو اس سے ٹیم میں منفی پیغام جائے گا۔" انہوں نے ٹیم مینجمنٹ کو مشورہ دیا تھا کہ "اب بھی وقت ہے کہ جلد بازی میں فیصلے کرنے سے گریز کیا جائے، ہمیں اپنے اہم کھلاڑیوں کو مضبوط بنانے اور ان کے تحفظ پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔"
پی سی بی نے فخر زمان کی اس پوسٹ کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/babai1h11i.jpg