
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 میں ضمنی انتخاب میں ایک اور اتحادی جماعت نے ایم کیو ایم کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 میں ضمنی انتخابات سے قبل متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کو ایک اور جماعت کی حمایت مل گئی ہے، وفاق میں حکومتی اتحادی جماعت جمیعت علمائے اسلام ف نے ایم کیو ایم کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئےاپنے امیدوار کو دستبردار کروالیا ہے۔
یہ پیش رفت ایم کیو ایم وفد کی جمیعت علمائے اسلام ف کے امیدوار امین اللہ کی رہائش گاہ آمد کے بعد سامنےآ ئی، ایم کیو ایم وفد میں سینئر رہنما خواجہ اظہار الحسن اور 245 سے ایم کیو ایم کے امیدوارمعید انور شامل تھے، دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں جے یو آئی ف کی جانب سے اپنے امیدوارامین اللہ کی ایم کیو ایم امیدوار کے حق میں دستبرداری کا اعلان سامنے آیا۔
واضح رہے کہ سندھ میں حکمران جماعت پیپلزپارٹی نے اس سے قبل ایم کیو ایم امیدوار کے حق میں اپنے امیدوار کو دستبردار کروالیا تھا، اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن نے بھی اس حلقے میں ایم کیو ایم کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
خیال رہے کہ کراچی سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 245 سابق رکن قومی اسمبلی عامرلیاقت حسین کے انتقال کےبعد خالی ہوئی تھی، تحریک انصاف کی جیتی ہوئی اس نشست پر ضمنی انتخاب کے دوران تحریک انصاف کا اتحادی جماعتوں کے مشترکہ حمایت یافتہ امیدوار سے کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9nah255mqmpppjui.jpg