
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد نے وزارت سائنس وٹیکنالوجی کی الیکٹرانک ووٹنگ مشین(ای وی ایم) پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت سائنس وٹیکنالوجی نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفدکو الیکٹرانک ووٹنگ مشین پربریفنگ دی۔
وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے ایم کیو ایم وفد کو بریفنگ کے دوران ای وی ایم کے معاملے پر مطمئن کرنے کی کوشش کی تاہم ایم کیو ایم وفد بریفنگ سے مطمئن نہ ہوا جس کے بعد مزید مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ابھی آدھی بریفنگ ہوئی ہے، ووٹنگ مشین پربریفنگ تسلسل سے جاری رہے گی۔
وفاقی وزرا نے ایم کیو ایم اور ووٹنگ مشین بریفنگ پرجواب دینےسےگریز کیا جبکہ ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ایم کیوایم نے ای وی ایم ووٹنگ کے معاملے پر حکومت سے مزید وقت مانگ لیا ہے۔۔
ذرائع کا یہ دعویٰ ہے کہ ایم کیوایم کے اندرون خانہ مطالبات کچھ اور ہیں اور جلد ہی ایم کیوایم ووٹنگ کیلئے راضی ہوجائے گی۔
خیال رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر اعتراض کیا تھا،متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا تھاکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے بارے میں یہ خدشہ موجود ہے، یہ مشین جس کے قبضے میں ہوگی، اس میں اسے ٹیمپر کرنے کی بھی صلاحیت ہوگی۔
گزشتہ روز یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ حکومت نے ای وی ایم پر مشترکہ اجلاس طلب کرلیا ہے اور اتحادی بھی ووٹ دینے کیلئے تیار ہوگئے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/mqm-evm-satisfy-11121fw.jpg