
عزیزآباد سے جب رکن قومی اسمبلی منتخب ہوا تو یہ جیت جعلی تھی، ایم کیوایم نے ٹھپے لگوا کر جتوایا تھا، نبیل گبول
پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت میرا غلط فیصلہ تھا اور کراچی کے علاقے عزیزآباد سے رکن قومی اسمبلی کی نشت پر میری جیت جعلی تھی، ایم کیو ایم نے ٹھپے لگا کر مجھے جتوایا تھا۔
انہوں نے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو غلط فیصلے پر نکالا گیا جب کہ شہبازشریف بہترین اداکار ہیں، مریم نواز سے بلاول بھٹو بہتر سیاستدان ہیں۔
میزبان نے نبیل گبول کو یاد دلایا کہ انہوں نے کچھ سال قبل جیو کے ایک پروگرام میں ریحام خان کو شادی کی پیشکش کی تھی، جس کے فوری بعد انہوں نے عمران خان سے شادی کرلی۔
میزبان کے سوال پر نبیل گبول نے پروگرام میں شریک مہمان اداکارہ آمنہ الیاس سے پوچھا کہ انہیں فرسٹ لیڈی بننا ہے یا پھر انہیں کسی بڑے عہدے پر جانا ہے؟ جس پر اداکارہ نے کوئی جواب نہیں دیا اور وہ مسکراتی رہیں۔ نبیل گبول نے آمنہ الیاس کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ یہ عین ممکن ہے کہ اگر وہ انہیں شادی کی پیش کش کریں تو کوئی اور اداکارہ کو پیشکش کرکے انہیں بیاہ کر لے جائے۔
نبیل گبول نے یہ بھی کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پہلے شادی کریں گے، اس کے بعد وہ وزیر اعظم بنیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں معلوم ہے کہ اگلا وزیراعظم کون ہوگا؟
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/nabil111l1.jpg