
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ ایشین کرکٹ کونسل سے ٹکر لینے کیلئے تیار، ایشیا کپ کی پاکستان سے کسی اور وینیو پر منتقل کیے جانے کے معاملے پر ڈٹ گئے کہا اگر ٹورنامنٹ کہیں اور منتقل ہوا تو پاکستان اس میں شرکت نہیں کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے واضح مؤقف اپنایا ہے کہ اگر ایشیا کپ پاکستان میں ہونے کی بجائے کسی نیوٹرل وینیو پر بھی منتقل ہوا تو پاکستانی ٹیم اس میں شرکت نہیں کرے گی نہ صرف یہ بلکہ پاکستان ایشین کرکٹ کونسل سے بھی الگ ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ اگر پاکستان ایشیاکپ میں شرکت نہیں کرے گا تو ایشین کرکٹ کونسل کو 75 فیصد کمرشل حقوق سے محروم ہونا پڑےگا۔ جبکہ 2023 میں بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں شرکت کیلئے پاکستانی کرکٹ بورڈ کو بھی حکومت وقت سے اجازت درکار ہوگی۔
اس وقت اگر حکومت پاکستان اجازت نہیں دیتی تو آئی سی سی بھی پاکستانی ٹیم یا بورڈ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر سکے گا۔ رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ کسی کے پاس یہ اختیار نہیں کہ وہ پاکستان کے بارے میں فیصلہ کرے۔ ایشیا کپ یو اے ای منتقل نہیں کیا جائے گا، بھارت سب کچھ نہیں ہم بھی بہت کچھ ہیں۔
دوسری جانب پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ میزبانی ملنے کے باوجود بھی اگر ایک بار یہ ٹورنامنٹ کسی اور ملک منتقل ہو گیا تو پھر 2016 سے عالمی کرکٹ کی بحالی کیلئے پاکستان جو کوششیں کر رہا ہے وہ سب رائیگاں چلی جائیں گی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/12rajadatgia.jpg