
قومی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ماہ اکتوبر میں ملکی برآمدات میں کمی ہوئی ہے۔ ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر برآمدات میں کمی کی نشاندہی کی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر 2022 میں برآمدات میں 3.07 فیصد کمی ہوئی، اور اکتوبر میں ملکی برآمدات 2 ارب 37 کروڑ ڈالر رہیں۔
وفاقی ادارہ شماریات نےتجارت سے متعلق اعدادوشمار جاری کر دیئے ہیں، جس کے مطابق جولائی تا اکتوبر تجارتی خسارہ 11 ارب 46 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہا۔
جب کہ گزشتہ مالی سال اسی مدت میں تجارتی خسارہ 15 ارب 62 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تھا۔ اور اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت تجارتی خسارہ 26.59 فیصد کم ہوا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اکتوبر میں درآمدات میں بھی 13.30 فیصد کمی آئی، اس دوران درآمدات کا حجم 4 ارب 63 کروڑ ڈالر رہا، اکتوبر میں تجارتی خسارے کا حجم 2 ارب 26 کروڑ ڈالر ریکارڈ ہوا، اور اکتوبر میں تجارتی خسارے میں 21.92 فیصد کمی رہی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 4 ماہ میں ملکی برآمدات کا حجم 9 ارب 54 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہا، اس دوران درآمدات کا حجم 21 ارب ڈالر سے زیادہ رہا، اس عرصے میں برآمدات میں 0.94 فیصد اضافہ اور درآمدات میں 16.21 فیصد کمی رہی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/pak11n112.jpg