
بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے رواں ماہ ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کے جاری ہونے والے کیلنڈر میں پاکستان کا ایجنڈا شامل نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق رواں مہینے کے لیے بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے اپنے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کا کیلنڈر جاری کر دیا ہے جس میں پاکستان کا قرض منظور کرنے کا ایجنڈا شامل ہی نہیں ہے۔ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس رواں مہینے 28 اگست کو شیڈول ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے رواں ماہ شیڈول ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں گنی بسائو کا ایجنڈا شامل کیا گیا ہے جس کے چھٹے جائزہ کی منظوری دی جائے گی۔ پاکستان کو رواں مہینے میں نئے قرض پروگرام منظور ہونے کی توقع ہے جس کا امکان وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی طرف سے ظاہر کیا گیا تھا تاہم آئی ایم ایف کے کیلنڈر میں پاکستان کا قرض منظور کرنے کا ایجنڈا ہی شامل نہیں ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کے نئے قرض پروگرام کیلئے آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا خصوصی اجلاس بھی بلایا جا سکتا ہے اور ابھی رواں مہینہ ختم ہونے میں 10 سے زیادہ روز باقی ہیں۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ 28 اگست کو آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں شیڈول سے ہٹ کر بھی ایجنڈا کو شامل کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ مہینے 12 جولائی کو آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان معاہدے طے پایا تھا جس کے تحت پاکستان کو 7 ارب ڈالر ملنے ہیں۔ آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے اس نئے قرض پروگرام کی مدت 37 ماہ رکھی گئی ہے۔ آئی ایم ایف سے پاکستان نے 7 ارب ڈالر قرض وصولی کیلئے بھاری ٹیکس وصولیوں کا پلان تیار کیا ہے جس سے 3سال میں ٹیکس ریونیو میں 3724 ارب روپے اضافے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/1oimfborsdsdsaapkki.png