
ضلع اوکاڑہ کی تحصیل حویلی لکھا میں 4 بچوں کی ماں نے اپنی نازیبا تصاویر وائرل ہونے اور ملزمان کی جانب سے طعنے دیئے جانے پر دلبرداشتہ ہو کر خود کشی کر لی۔
تفصیلات کے مطابق حویلی لکھا کے نواحی علاقے نوایا بلوچ میں خاتون نے خود کشی کر لی، پولیس کے مطابق خاتون کے 4 بچے تھے، اس کی نازیبا تصاویر بنائی گئی تھیں جنہیں ملزمان کی جانب سے وائرل کر دیا گیا ہے جس پر اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ خاتون کی شناخت نبیلہ بی بی کے نام سے ہوئی۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے مرکزی ملزم ذیشان کو گرفتار کر لیا۔ خاتون نے ملزموں کی بلیک میلنگ کے باعث ایف آئی اے سائبرکرائم میں مقدمہ درج کرا رکھا تھا جس پر کارروائی جاری تھی۔ تاہم ملزمان کو جب مقدمے کے بارے میں پتہ چلا تو انہوں نے تصاویر وائرل کر دیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق ملزمان ذیشان، عنصر، تیمور اور ملزمہ فاطمہ نے گزشتہ روز متوفیہ کو روک کر خوب طعنے دیئے اور کہا کہ اگر وہ عزت والی ہوتی زہر کھا لیتی مگر وہ تو مقدمہ درج کرانے پہنچ گئی اور اب اس مقدمے کا کوئی نتیجہ بھی تو نہیں نکلا۔ انہیں طعنوں سے تنگ آ کر اس نے خود کشی کر لی۔
دوسری جانب ڈی پی او اوکاڑہ کیپٹن (ر) فرقان بلال نے موقع پر پہنچ کر پولیس کو فوری مقدمے کے اندراج کی ہدایت کی مقدمے کے اندراج کے بعد مرکزی ملزم ذیشان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ڈی پی او کے مطابق باقی ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/police-okara-dpo-pc.jpg