انگلش پارلیمنٹیرینز کا افغانستان کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا مطالبہ

AgvB1561Sw.jpg

لندن: انگلش پارلیمنٹ کے 160 اراکین نے افغانستان کے خلاف چیمپئنز ٹرافی میچ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ان اراکین نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو خط لکھ کر کہا کہ افغانستان کی حکومت خواتین کرکٹ کو سپورٹ نہیں کرتی، اس لیے چیمپئنز ٹرافی میں ان کے خلاف میچ نہ کھیلا جائے۔

پارلیمنٹیرینز نے اپنے خط میں کہا کہ انگلش کرکٹ بورڈ افغان خواتین کے ساتھ یکجہتی کا مضبوط پیغام دے اور افغانستان کے خلاف میچ کا بائیکاٹ ظلم کے خلاف عدم برداشت کا ایک واضح اظہار ہوگا۔

ذرائع کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ نے اس مطالبے کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ ECB کے چیف ایگزیکٹو رچرڈ گولڈ نے کہا کہ بورڈ تمام ممبر ممالک کے ساتھ کیے گئے مشترکہ فیصلوں کی حمایت کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ طالبان کے خواتین کے ساتھ ناروا سلوک کی سخت مذمت کرتا ہے، لیکن کرکٹ افغانستان کے شہریوں کے لیے امید کا ایک ذریعہ ہے۔

رچرڈ گولڈ نے وضاحت کی کہ یک طرفہ طور پر میچ کا بائیکاٹ کرنا ممکن نہیں، اور اس فیصلے میں آئی سی سی کے دیگر ممبران کو شامل کرنا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں انگلینڈ اور افغانستان کے درمیان میچ 26 فروری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔ انگلش کرکٹ بورڈ کے فیصلے کے مطابق میچ طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی ہوگا۔​
 

Back
Top