
پنجاب میں ضمنی انتخابات کے دوران انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے صوبائی وزیر ملک احمد خان نے بھی استعفیٰ دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر قانون ملک احمد خان نے اپنا استعفیٰ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف کو پیش کیا جسے حمزہ شہباز شریف نے منظور کرلیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک احمد خان نے ضمنی انتخابات کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئےاپنی وزارت سے استعفیٰ دیا ہے،پارٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ انہیں جنوبی پنجاب کے حلقوں میں ضمنی انتخابات کے دوران انتخابی مہم کی نگرانی کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
یادرہے کہ اس سے قبل ن لیگی رہنماؤں نے بھی اپنی اپنی وزارتوں سے استعفیٰ دیدیا تھا، ان رہنماؤں میں ایاز صادق، اویس لغاری اور سلمان رفیق شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 17 جولائی کو پنجاب کے 20 حلقوں میں پنجاب اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں ، ان حلقوں میں حکمران جماعت ن لیگ اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جارہی ہے، دونوں جماعتوں نے بھرپور انتخابی مہم کا آغاز کررکھا ہے۔
ن لیگ کی جانب سے مریم نواز شریف اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان ان حلقوں میں انتخابی جلسے کررہے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/11pmlnaikaurresign.jpg