امریکہ نے پاکستان میں حالیہ سیاسی گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حالیہ دنوں میں امریکی کانگریس کے متعدد ارکان نے امریکی انتظامیہ کو خطوط ارسال کرکے پاکستان کی صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے سربراہ سینیٹر باب مینینڈر نے پاکستانی شہریوں بشمول دہری شہریت رکھنے والے افراد کی گرفتاریوں پر سخت ردعمل دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے معاملے پر صورتحال بے حد تشویشناک ہے، گزشتہ دنوں میں اپنے نظریات کا اظہار کرنے والے افراد کی گرفتاریاں ناقابل برداشت ہیں، ایسے اقدامات جمہوری اقدار سے بالکل مطابقت نہیں رکھتے، ہمارے پاس اطلاعات ہیں کہ بہت سے لوگوں کو کسی باضابطہ الزام کے حراست میں لیا گیا ہے۔
سینیٹر باب مینینڈر نے کہا کہ گرفتار افراد میں متعدد ایسے ہیں جو دہری شہریت رکھتے ہیں، ان میں پاکستانی نژاد امریکی بھی شامل ہیں، گرفتار افراد کو قانونی نمائندگی بھی حاصل نہیں ہے۔
انہوں نے پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام شہریوں کے انسانی حقوق کا احترام کیا جائے اور زیر حراست افراد کیلئے قانونی طریقہ کار اپنایا جائے اور ان تمام لوگوں کو پاکستان کے آئین میں دیئے گئے زیر حراست افراد کے حقوق دیئےجائیں۔