
ایف 35 بی طیارہ دنیا میں اپنی نوعیت کے سب سے بڑے اور مہنگے ہتھیاروں کے پروگرام کے طور پر جانا جاتا ہے: رپورٹ
امریکہ کے سب سے مہنگے ترین ایف 35 بی لڑاکا طیارے کے ریاست سائوتھ کیرولینا میں غائب ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق امریکہ کا سب سے مہنگا ترین جنگی طیارہ ایف 35 بی لڑاکا طیارہ ریاست سائوتھ کیرولائنا میں پروز کرتے ہوئے آج صبح لاپتہ ہو گیا۔ لڑاکا طیارے کے لاپتہ ہونے کے بعد امریکی فوجی حکام تلاش کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ جدید ایئرکرافٹ کو ڈھونڈنے کے لیے عوام سے بھی مدد طلب کر لی گئی ہے۔
امریکی فوجی حکام کے مطابق سائوتھ کیرولینا میں پرواز کے دوران طیارے میں کچھ فنی خرابی پیش آنے کے باعث میرین کور کے پائلٹ سے پیراشوٹ کی مدد سے طیارے سے چھلانگ لگا دی تھی۔ امریکی فضائیہ کی ایئربیس چارلسٹن کی طرف سے ایف 35 بی لڑاکا طیارے کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کے علاوہ پائلٹ کے باحفاظت طیارے سے نکل جانے کی تصدیق بھی کر دی گئی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی فوجی حکام کی طرف سے لڑاکا طیارے کی تلاش کرتے ہوئے اپنے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کوئی بھی شہری طیارے کی گمشدگی سے متعلق معلومات رکھتا ہو تو بیس ڈیفنس آپریشنز سنٹر کے نمبروں پر رابطہ کرے۔ لاک ہیڈمارٹن کے تیارکردہ اس طیارے کی قیمت تقریباً 80 ملین (8 کروڑ ڈالر) بتائی جا رہی ہے جو جدید ترین لڑاکا طیارہ ہے۔
ایف 35 بی طیارہ دنیا میں اپنی نوعیت کے سب سے بڑے اور مہنگے ہتھیاروں کے پروگرام کے طور پر جانا جاتا ہے۔ لاک ہیڈمارٹن کے مطابق جدید لڑاکا طیارے ایف 35 بی میں نیٹ ورک سے کام کرنے والا مشن سسٹم کام کرتا ہے جو پروز کے دوران جمع کی گئی معلومات کو فوری شیئرنگ کی اجازت دیتا ہے۔ میرین کور کے طیارے میں ہیلی کاپٹر کی طرح لینڈنگ کرنے کی صلاحیت ہے جو رن وے یا چھوٹی پٹی سے اڑان بھر سکتا ہے۔
ایف 35 بی کا انجن دنیا کا سب سے طاقتور لڑاکا انجن ہے جو 12 سو میل فی گھنٹے کی رفتار سے ہدف کو نشانہ بنانے کے علاوہ اپنے اندر 4 جبکہ پنکھوں پر 2 میزائل رکھنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔ یاد رہے کہ امریکی فوج کی طرف سے 2018ء میں جنوبی کیرولینا میں ایک حادثے پیش آنے کے بعد عارضی طور پر ایف 35 جیت طیاروں کے پورے بیڑے کو گرائونڈ کر دیا گیا تھا۔