
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کیلئے قومی اسمبلی کے حلقے کا کوٹہ 7 لاکھ 87 ہزار 954 شہریوں پر مشتمل ہو گا: ذرائع
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی طرف سے ڈی لمیٹیشن کمیٹیوں نے حلقہ بندیوں کے حوالے سے ابتدائی کام مکمل کر لیا گیا ہے جس کی منظوری کل تک دے دی جائے گی۔
چیف الیکشن کمشنر اور اراکین الیکشن کمیشن سے منظوری کے بعد حلقوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر کو جاری کی جائے گی اور ان پر 28 ستمبر سے 27 اکتوبر تک تجاویز اعتراضات دائر کیے جا سکیں گے۔ الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی وصوبائی اسمبلیوں کی موجودہ نشستوں کی تعداد برقرار رکھی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست جاری ہونے کے بعد 28 اکتوبر سے 26 نومبر تک الیکشن کمیشن تجاویز اور اعتراضات نپٹا کر 30 نومبر کو حتمی حلقہ بندیوں کی فہرست جاری کر دے گا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان ابتدائی حلقہ بندیوں کی فہرست کل منظور کر لے گا جبکہ صوبائی وقومی اسمبلیوں کی موجودہ نشستوں کو برقرار رکھا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقوں کا کوٹہ پنجاب میں 9 لاکھ 5 ہزار 595، صوبہ سندھ کا 9 لاکھ 13 ہزار، صوبہ خیبرپختونخوا میں 9 لاکھ 7 ہزار 913 شہریوں پر مشتمل ہو گا جبکہ صوبہ بلوچستان میں قومی اسمبلی کے حلقے کا کوٹہ 9 لاکھ 30 ہزار 900 اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کیلئے قومی اسمبلی کے حلقے کا کوٹہ 7 لاکھ 87 ہزار 954 شہریوں پر مشتمل ہو گا۔
صوبائی اسمبلی کے ایک حلقے کا کوٹہ پنجاب میں 4 لاکھ 29 ہزار 929، سندھ اسمبلی کے لیے ایک حلقے کا کوٹہ 4 لاکھ 28 ہزار 431، صوبہ خیبرپختونخوا اسمبلی کا 3 لاکھ 55 ہزار 270 اور صوبہ بلوچستان کے حلقہ کا کوٹہ 2 لاکھ 92 ہزار 47 شہریوں پر مشتمل ہو گا۔ قومی اسمبلی کی مجموعی طور پر 266 نشستوں میں سے پنجاب اسمبلی کی 297 جنرل نشستیں رکھی گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق سندھ اسمبلی کی 130 نشستوں، خیبرپختونخوا اسمبلی کی 115 نشستوں اور بلوچستان کی 51 نشستوں پر حلقہ بندیاں مکمل کی جا چکی ہیں۔
واضح رہے کہ چند دن پہلے 21 ستمبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی طرف سے آئندہ عام انتخابات کا اعلان کیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن اعلامیہ کے مطابق اگلے سال جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات کا انعقاد ہو گا۔