الیکشن کمیشن :عام انتخابات پر اخراجات کی تفصیلات جاری،کتنا تخمینہ لگایاگیا؟

election-pak-gen-pr.jpg


الیکشن کمیشن نے عام انتخابات پر اخراجات کی تفصیلات جاری کردیں، الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات پر اخراجات کا تخمینہ 47 ارب روپے لگایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کو رواں مالی سال میں 27 ارب روپے ملیں گے، الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاریوں کےلئےفوری طور پر 18 ارب روپے طلب کئے ہیں۔

آئندہ مالی سال الیکشن کمیشن کو20 ارب سے زائد ملیں گے۔ عام انتخابات 2018 پر31 ارب روپےخرچ ہوئےتھے،ذرائع کے مطابق آئندہ عام انتخابات کے لیے بجٹ کی منظوری دے دی گئی ہے،الیکشن کمیشن نےاخراجات کا تخمینہ وزارت خزانہ اور ای سی سی کو بھجوایا تھا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان عام انتخابات کی تیاریوں کیلئے متحرک ہوچکے ہیں،ذرائع کے مطابق ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق پارلیمانی بورڈ کی تشکیل کیلئے مشاورت شروع کردی ہے اور پنجاب میں ٹکٹوں کی تقسیم کیلئے 3 ریجنز پرمبنی بورڈز تشکیل دیےجائیں گے جن کو وسطی پنجاب، جنوبی پنجاب اورشمالی پنجاب میں تقسیم کیا گیا ہے.

ذرائع نے بتایا کہ تینوں بورڈز کے اجلاسوں کی صدارت عمران خان خود کریں گے، بورڈز میں شاہ محمود قریشی، اسدعمر، تینوں ریجنز کے صدور اور سیکرٹریز شامل ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 2018 میں کامیاب ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کو فوقیت دی جائے گی، اسمبلی سے باہر موجود پارٹی کے سینیئر رہنماؤں کو بھی ٹکٹیں جاری کی جائیں گی، آزادی مارچ کے دوران متحرک رہنماؤں اور کارکنوں کو بھی ترجیح دی جائے گی۔