الیکشن کمیشن اور پولیس کے خلاف 50 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ کرونگا: فواد

fawadssak.jpg


جیل بھرو تحریک کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے کیونکہ ہماری گرفتاریاں کیے بغیر اس حکومت کا شوق پورا نہیں ہو گا: رہنما پی ٹی آئی

سابق وفاقی وزیر ورہنما پاکستان تحریک انصاف وفاقی وزیر فواد احمد چودھری نے نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے پروگرام پاور پالیٹکس میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم جیسے پہلے تھے ویسے ہی اب بھی ہیں، گرفتاریاں کرنے سے صرف نفرت پیدا ہوتی ہے۔ میرے خلاف جعلی کیسز بنا دیئے گئے، رات کو اٹھا لیا، جعلی میڈیکل رپورٹ تیار کی گئی اور بغاوت کا کیس بھی بنا دیا۔ اسلام آباد پولیس اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خلاف 50 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ ، تحریک انصاف کے دور اقتدار میں لوگوں کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں کی گئی۔ مریم نوازشریف کے والد اور بھائیوں نے اربوں روپے کی کرپشن کی ہے جبکہ ہماری پارٹی کے رہنمائوں کے خلاف مقدمات جعلی بنائے گئے، مریم نوازشریف خوش اس لیے ہیں کہ ان پر کرپشن کے کیسز ہیں۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے سارا نظام تباہ کر کے رکھ دیا ہے، ملک میں آئین اور قانون پر عمل نہ ہوا تو انصاف کیسے مل سکتا ہے؟ ان لوگوں کو آئین پاکستان کی پرواز نہیں، جیل بھرو تحریک کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے کیونکہ ہماری گرفتاریاں کیے بغیر اس حکومت کا شوق پورا نہیں ہو گا۔ احتساب کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، عدالتوں کو آزادانہ فیصلہ کرنے ہونگے۔
https://twitter.com/x/status/1622624130578235392
انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جعلی ویڈیو اور آڈیوز بنائی جا رہی ہیں۔یہ غیرسنجیدہ لوگ ہیں مذاکرات کس بات پر کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتے رہے ہیں ، یہ سب لوگ رقم واپس کریں نہیں تو جیل جائیں گے۔ اے پی سی میں شرکت کے حوالے سے کہا کہ پی ٹی آئی کو کوئی دعوت نامہ وصول نہیں ہوا اگر ملا تو اس پر مشاورت کی جائے گی۔

فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان کو نااہل قرار دینے کا منصوبہ بنایا گیا، اسمبلیاں تحلیل کر کے ان کا منصوبہ ناکام بنا دیا، ان کے شیڈول پر بم پھوڑ دیا، اب انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ کیا کریں؟ پریشر میں آکر غلطیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مشکل وقت سے گزر رہا ہے، پرویز مشرف کا دور اس جمہوریت سے بہتر تھا، عمران خان بھی ایسا ہی سمجھتے ہیں۔