
انتخابات میں پر امن رہیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف نے تحریری یقین دہانی سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کو تحریری یقین دہانی کرادی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے خلاف حکومتی جبر جاری ہے، جمہوریت کی بقا کے لیے عدالت کو یقین دہانی کرا رہے ہیں، پاکستان تحریک انصاف پرامن رہے گی۔
تحریک انصاف نے کہا ہے کہ اگر تمام سیاسی جماعتیں الیکشن کمپئین اور انتخابات والے دن پُرامن رہیں گی تو پی ٹی آئی پرامن رہے گی اگر انتخابات میں کوئی کرپٹ پریکٹس نہ ہو تو پی ٹی آئی پُرامن رہے گی، اگر کسی قسم کے ہتھیاروں اور ہوائی فائرنگ پر پابندی ہو۔
پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی صرف ان جگہوں پر جلسے اور ریلیاں نکالے گی جہاں سیکیورٹی کی یقین دہانی ہوگی۔
تحریک انصاف کی تحریری یقین دہانی کے بعد چیف جستس نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان یقین دہانی کرانے کو تیار ہیں، حکومت کی جانب سے بھی ہمیں کوئی یقین دہانی کروائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کے لیے تحریک انصاف اور حکومت سے تحریری یقین دہانی مانگی تھی ۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ سیاسی قوتوں کے درمیان تناو سے دیگر ریاستی ادارے متاثر ہو رہے ہیں ، عوام میں اداروں کے بارے میں باتیں کی جاتی ہیں۔