
افغانستان میں طالبان حکومت نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے خلاف طاقت کے استعمال سے انکار کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد پار دہشت گردی کے معاملے پر کشیدگی برقرار ہے، پاکستان دہشت گردی میں افغان سرزمین کے استعمال ہونے پر تشویش کا اظہار کررہا ہے تو دوسری جانب افغان طالبان اس دعوے کی تردید کرتے دکھائی دیتے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں تاہم مختلف ذریعوں سے دونوں ممالک میں رابطے بھی جاری ہیں۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ان رابطوں سے بھی تاحال کوئی خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوسکے ہیں کیونکہ دونوں فریقین اپنے اپنےموقف میں بغیر کسی لچک کا مظاہرہ کیے ڈٹے ہوئے ہیں۔
دونوں ملکوں کے درمیان ہونےوالی گفتگو میں ایک معاملہ کالعدم ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کا بھی ہے جس کا مطالبہ پاکستان کی جانب سے کیا گیا کہ ٹی ٹی پی سے نمٹنے کیلئے طاقت کا استعمال کیا جائے۔
دوسری جانب افغان طالبان ٹی ٹی پی کے خلاف طاقت کے استعمال کے حق میں نہیں ہے بلکہ افغان حکومت نے پاکستان سے کالعدم تنظیم سے نمٹنے کیلئے متبادل تجاویز دینے پر زور دیا ہے۔
افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان طالبان حکومت ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کرنے سے اس لیے گریزاں ہے کہ ٹی ٹی پی نے طالبان کے ساتھ کھڑے ہوکر امریکی فوج سے بھرپور لڑائی کی ، ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی افغان روایات کے بھی خلاف ہے۔
افغان حکومت پاکستانی حکام کو بھی یہی جواز دے کر ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی سے انکاری ہیں، افغان حکومت پاکستان اور ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے بھی خواہش مند ہیں مگر پاکستان کو یہ پالیسی قابل قبول نہیں ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9zabaittprarqtat.png