
افغان حکومت نے کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر حملے میں ملوث داعش کے دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ دعویٰ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر ترجمان افغان حکومت ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کیا گیا ۔
ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ افغان سیکیورٹی فورسز نے بدھ کے روز کابل میں ایک آپریشن کیا جس میں 7 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، گرفتار دہشت گردوں میں غیر ملکی بھی شامل ہیں، افغان سیکیورٹی فورسز نے صوبہ نمروز میں بھی ایک آپریشن کیا۔
ترجمان افغان حکومت نے دعویٰ کیا کہ مختلف آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے تین ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا اور داعش سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گردوں کو بھی ہلاک کردیا گیا، یہ دہشت گرد پاکستانی سفارتخانے پر حملے کے علاوہ چینی شہریوں کے ہوٹل پر حملے میں بھی ملوث تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار دہشت گردوں سے ہونے والی تفتیش سے پتا چلا ہے کہ داعش نے مزید دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی بھی کررکھی تھی۔
یادرہے کہ 2 دسمبر 2022 کو افغانستان کےدارالحکومت کابل میں واقع پاکستانی سفارتخانے پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس میں ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوا تھا، عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے حملہ کی ذمہ داری قبولی کی تھی جبکہ حکومت پاکستان نے اس حملے کو ناظم الامور عبدالرحمان نظامی کےخلاف قاتلانہ حملہ قرار دیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/dab11g11g.jpg