
توانائی کے بحران پرقابو پانے کیلئے افغانستان سے کوئلہ کی درآمد شروع ہوگئی ہے ، جس سے کوئلہ پر چلنے والے پاور پلانٹس کو کوئلے کی ترسیل کی جائے گی۔
خبررساں ادارے ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ریلوے سمیت متعلقہ محکموں کو وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے افغانستان کے کوئلے کی محفوظ اور تیز رفتارنقل و حرکت کے انتظامات کے حوالے سےخصوصی ہدایات کے بعد افغانستان سے کوئلے کی درآمد شروع ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر خوشحال کوٹ ریلوے اسٹیشن پر روزانہ3 ہزار ٹن کے قریب کوئلہ آرہا ہے، میانوالی، ضلع کندیاں اور سبی سے کوئلے کے آپریشن شروع ہونے کے بعد ترسیل20 ہزار ٹن تک پہنچنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پاکستانی حکومت کی طرف سے افغانستان سے کوئلے کی درآمد کے فیصلے کے بعد افغانستان میں کوئلے کی فی ٹن قیمت 90 ڈالر سے بڑھ کر 200 ڈالرتک پہنچ چکی ہے، تاہم ذرائع کا کہنا ہےکہ چونکہ پاکستان افغانستان سے روپے کے عوض کوئلہ خرید رہا ہے لہذا قیمت میں اس اضافے کا پاکستان پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں افغانستان سے درآمد شدہ کوئلے کی نقل و حمل کا نظام کو بہتر بنانے سے متعلق اجلاس میں سستی بجلی کی پیداوار کیلئے افغانستان سے روپے میں کوئلہ درآمد کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔
اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نےتمام متعلقہ اداروں کوہدایت کی کہ وہ اس مقصد کے لیے موثر نظام وضع کریں، تاکہ ملک میں سستی بجلی پیدا کر کے گھریلو صارفین اور صنعتوں کو ریلیف پہنچایا جاسکے، وزیراعظم نےوزارت ریلوے کو ہدایت کی کہ وہ افغانستان سے درآمد شدہ کوئلے کی پاور پلانٹس تک جلد از جلد ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/16afghanistancoal.jpg