
تمام ریاستی اداروں کو تحلیل کرنے کے بعد ملک سرحدوں کو بند کیا جا رہا ہے: فوجی قیادت
غیرملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق وسطی افریقی ملک گبون میں سینئر فوجی افسروں نے بغاوت کے بعد صدر علی بونگو اونڈیمبا کو گھر میں نظربند کر کے مارشل لاء نافذ کر دیا ہے۔ فوج کے سینئر افسران کا گبون کے سرکاری ٹیلیویژن پر صدر علی بونگو اونڈیمبا کی نظربندی کا اعلان کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ صدر کے تمام اختیارات حاصل کرتے ہوئے حال ہی میں ہونے والے متنازع انتخابات کے نتائج کو معطل کرتے ہوئے تمام ریاستی اداروں کو تحلیل کر دیا گیا ہے۔
فوجی قیادت کی طرف سے ٹیلیویژن پر خطاب میں کہا گیا کہ حال ہی میں ہونے والے انتخابات قابل بھروسہ نہیں تھے اس لیے انتخابات کے نتائج اور تمام ریاستی اداروں کو تحلیل کرنے کے بعد ملک سرحدوں کو بند کیا جا رہا ہے۔ فوجی قیادت گبون کے شہریوں کیلئے اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ہم ملکی سکیورٹی ودفاعی فورسز کے نمائندے ہیں اور فیصلہ کیا ہے کہ موجودہ حکومت ختم کر کے امن کا دفاع کریں گے۔
فوجی قیادت کا کہنا تھا کہ معزول صدر علی بونگو اونڈیمبا اپنے خاندان کے ساتھ اپنے گھر میں نظربند ہیں اور ان کے ڈاکٹر بھی ان کے ساتھ ہیں۔ واضح رہے کہ گبون میں حال ہی میں منعقد ہونے والے متنازع انتخابات میں صدر علی بونگو اونڈیمبا کی تیسری دفعہ کامیابی کا اعلان سرکاری ٹیلیویژن سے کیا گیا تھا۔ صدر علی بونگو اونڈیمبا کی اپوزیشن کے مطابق گبون میں ہونے والے انتخابات میں عوام سے فراڈ کیا گیا ہے۔
فوجی قیادت کی طرف سے صدر علی بونگو کے بیٹے نورالدین بونگو کو بھی 6 دیگر افراد کے ساتھ سنگین غداری کے الزام میں گرفتار کیا جا چکا ہے جن کیخلاف الزامات کی تحقیق کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ دوسری طرف معروف خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی طرف سے صدر علی بونگو کی ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں وہ اپنے دوستوں کو اپنی نظربندی اور بغاوت کے خلاف آواز بلند کرنے کا کہہ رہے ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1696838756257440109
اے ایف پی کی طرف سے گبون کے دارالحکومت لیبرویل میں فوجی بغاوت کرنے والے جنرل برائس اولیگوئی نگوما کی حمایت میں جشن منانے کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں عوام نے فوجی جوانوں کو اپنے کندھوں پر اٹھا رکھا ہے۔ اولیگوئی نگوما کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اقتدار کی پرامن منتقلی کیلئے ابھی تک نئے رہنما کا انتخاب نہیں کیا گیا نہ ہی وہ خود کو سربراہ مملکت قرار دے رہے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/13gabooncup.jpg