
کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں پیش آنے والے افسوسناک صحافی اطہر متین واقعے کی ایک اور فوٹیج سامنے آگئی ہے، ویڈیو میں ڈاکوؤں کی جانب سے کی گئی فائرنگ واضح آواز سنی جا سکتی ہے۔
ویڈیو میں اطہر متین کو بھی فائرنگ کے بعد زخمی حالت میں گاڑی میں پڑے دیکھا جا سکتا ہے۔ واقعے کے بعد شہری گاڑی کے قریب جمع ہوئے اور ایک دوسرے کو کہتے ہیں کہ "کوئی 15 کو اور ایمبولینس کو فون کرے، یہ ابھی زندہ ہےکوئی اسپتال لےکرچلے۔"
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہری اپنی مدد آپ کے تحت اطہر متین کو ڈرائیونگ سیٹ سے ہٹاتے ہیں اور ان ہی کی گاڑی میں انہیں اسپتال منتقل کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ دو روز قبل کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں سماء ٹی وی چینل سے تعلق رکھنے والے صحافی اطہر متین اس وقت ڈاکوؤں کی فائرنگ کا نشانہ بنے جب انہوں نے راستے میں لوٹ مار کی واردات ہوتے دیکھ کر ڈاکوؤں کی موٹرسائیکل سے اپنی کار ٹکرا دی۔
جب کہ پولیس کے مطابق گرنے والے ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں اطہر متین گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ملزمان ایک اور موٹر سائیکل چھین کر باآسانی فرار ہوگئے تھے۔
اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں جاں بحق سینیئر صحافی کو گزشتہ روز یاسین آباد قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا، اطہر متین کی نمازِ جنازہ کلفٹن بلاک 5 کی مسجد صدیق اکبر میں ادا کی گئی تھی۔