لندن: برطانوی شاہی خاندان کے متنازعہ رکن پرنس ہیری کو اپنی سیکیورٹی کے معاملے میں ایک اور قانونی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
کورٹ آف اپیل نے جمعہ کے روز ہیری کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے ہوم آفس کے اس موقف کو برقرار رکھا کہ شاہی فرائض سے سبکدوش ہونے کے بعد وہ خودکار طور پر سرکاری سیکیورٹی کے مستحق نہیں ہیں۔
پرنس ہیری نے ستمبر 2021 میں ہوم آفس کے خلاف قانونی جنگ کا آغاز کیا تھا۔ فروری 2024 میں ہائی کورٹ نے ان کے دعوے کو مسترد کر دیا تھا۔
جون 2024 میں انہیں اپیل کی اجازت ملی تھی۔ تین ججوں کی بنچ نے اصل فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ہیری کی اپیل خارج کر دی
کیلیفورنیا میں اپنی اہلیہ میگھن مارکل اور دو بچوں کے ساتھ مقیم شہزادے نے فیصلے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، "یہ فیصلہ مجھے اور میرے خاندان کو روزانہ کی بنیاد پر متاثر کر رہا ہے۔ میں اس ناانصافی کے خلاف جدوجہد جاری رکھوں گا۔"
2020 میں شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد ہوم آفس نے فیصلہ کیا تھا کہ ہیری کو برطانیہ میں سرکاری سیکیورٹی دستیاب نہیں ہوگی۔ ہیری کا موقف ہے کہ یہ فیصلہ انہیں اور ان کے خاندان کو غیر محفوظ بنا رہا ہے اور وہ اس وجہ سے آزادانہ طور پر برطانیہ نہیں آ سکتے۔
عدالتی ذرائع کے مطابق ہیری اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کر سکتے ہیں۔ شاہی مبصرین کے مطابق یہ معاملہ شاہی خاندان کے اندر موجود کشمکش کی ایک اور جھلک پیش کرتا ہے۔
Last edited by a moderator: