
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسپیکر قومی اسمبلی سےپارٹی وفد کی ملاقات کے دوران غیر حاضری پر شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک کو طلب کرلیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ایک اعلیٰ سطحی وفد قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف سے ملاقات کیلئے بھیجا گیا تھا، پی ٹی آئی کے وفد میں وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، سینئر رہنما پرویز خٹک سمیت سینئرپارٹی رہنما شامل تھے۔
تاہم شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک کی جانب سے ملاقات سے کچھ دیر پہلے وفد کے ساتھ اسپیکر سے ملاقات سے معذرت کرلی گئی جس کے بعد پی ٹی آئی وفد کی قیادت سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کی اور اسپیکر راجا پرویز اشرف سے ملاقات کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمودقریشی اور پرویز خٹک کی جانب سے آخری لمحات میں وفد کے ساتھ ملاقات میں شریک نا ہونے کا پیغام قیادت کو بھجوایا گیا، پرویز خٹک استعفوں کے بجائے عام انتخابات پر مذاکرات کیلئے وفد میں شریک ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں جبکہ شاہ محمود قریشی استعفوں کے بجائےپارلیمنٹ میں واپسی میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر سے ملاقات کرنے والے وفد میں شریک نا ہونے پر پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے دونوں سینئر پارٹی رہنماؤں کو طلب کرلیا ہے، دونوں رہنما زمان پارک میں عمران خان سے ملاقات کے دوران اپنی غیر حاضری سے متعلق وضاحت کریں گے اور ساتھ ہی قومی اسمبلی سے استعفوں کے معاملے پر اپنی پوزیشن کلیئر کریں گے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/ikah1h12o211.jpg