
مشہور راکٹ ساز کمپنی اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کے خلاف تنقید ی خط لکھنے پر 5 ملازمین کو برطرف کردیا گیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسپیس ایکس کے سینکڑوں ملازمین نے سینئر عہدیداران کو خط لکھ کر کمپنی کے مالک کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد کمپنی نے کارروائی کرتے ہوئے 5 ملازمین کو ملازمت سے فارغ کردیا ہے۔
کمپنی نے 16 جون کو ملازمین کو برطرف کیا اور اس رپورٹ پر کوئی ردعمل بھی ظاہرنہیں کیا ،تاہم نیویارک ٹائمز نے اسپیس ایکس کے صدر گیون شا ٹ ویل کی ایک ای میل کا حوالہ دے کر اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ کمپنی اس خط کے معاملے پر تحقیقات کررہی ہے۔
صدر گیون شاٹ ویل نے اپنی ای میل میں مزید کہا ہے کہ اس خط کے معاملے میں ملوث ملازمین کو برطرف کردیا گیا ہے،ان ملازمین نے عملے کے دیگرا فراد کو خط پردستخط کرنے کیلئے دباؤ ڈالا تھا۔
واضح رہے کہ اسپیس ایکس کے ملازمین کی جانب سے بانی ایلون مسک کے رویے کو شرمندگی کا باعث قرار دیتے ہوئے ان پر کے خلاف ایک تنقیدی خط تحریر کیا گیا تھا جس کو بعد میں کمپنی کے ایک گروپ چیٹ میں شیئر کیا گیا تھا۔