
ن لیگ نے انتخابی مہم کے حوالے سے بڑا یوٹرن لیتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ سے ٹکراؤ و انتقامی سیاست سے گریز کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف، پارٹی صدر میاں شہباز شریف، سینئر نائب صدر مریم نوازشریف ، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت اہم پارٹی قائدین کے درمیان اہم ملاقاتوں اورمشاورت کے بعد نواز شریف کی وطن واپسی، انتخابی مہم کے بیانیے اور پارٹی کی سیاسی حکمت عملی کے حوالےسے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
ن لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت نے اسٹیبلشمنٹ سے ٹکراؤ کی پالیسی، بیانیے اور انتقامی سیاست سے گریز کرتے ہوئے مستقبل میں معاشی ایجنڈے پر فوکس کرنے اورپاکستان کے بڑے مسائل کے حل کیلئے مل کر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت نے ملک کے موجودہ حالات کو انتقامی سیاست کا نتیجہ قرار دیا اور مستقبل میں مزاحمت کے بجائے مفاہمت کو ترجیح دینے پر اتفاق کیا ہے۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے گزشتہ دنوں ایک غیر ملکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق آرمی چیف، سابق ڈی جی آئی ایس آئی اور سابق چیف جسٹس کو اپنے خلاف سازش کے کردار قرار دیتے ہوئے موجودہ معاشی بدحالی کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا اور ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا، میڈیا رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ ن لیگ نے انتخابی مہم میں پانامہ سازش کے کرداروں کے خلاف جارحانہ انداز اپنانے اور انہیں ملک کی معاشی بدحالی کا ذمہ دار ٹھہرانے کا بیانیہ بنانے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/15nawanznewbianaia.png