
اسٹاک مارکیٹ میں متعدد روز کی تیزی کے بعد آج شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا جس سے سرمایہ کاروں کے تقریبا 40 ارب روپے ڈوب گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی روز سے حصص مارکیٹ میں تیزی دیکھی جارہی تھی جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہورہا تھا تاہم کاروباری ہفتے کے تیسرے روز شدید مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
آج اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز اسی مثبت رجحان کے ساتھ شروع ہوا جو گزشتہ کچھ دن سے دیکھا جارہا تھا تاہم دوپہر کے بعد حصص مارکیٹ اچانک نیچے جانا شرو ع ہوئی تو کاروبار کے اختتام تک اوپر نہیں اٹھ سکی۔

کاروبار بند ہونے پر اسٹاک مارکیٹ کا ہنڈرڈ انڈیکس341 پوانٹس کی کمی بعد41ہزار330اعشاریہ56 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، کاروبار کے دوران 9 کروڑ8 لاکھ279 شیئرز کا لین دین ہوا جبکہ کاروبار میں صفر اعشاریہ 82 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، ہنڈرڈ انڈیکس میں کمی اور شدید مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو تقریبا 40 ارب روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا۔