اسلام آباد:دہشت گردی کا خدشہ،ممکنہ خودکش بمبار کی تصویر جاری

islamabad-police-dmk-aa.jpg


اسلام آباد میں ایک بار پھر دہشت گردی کا خطرہ منڈلانے لگا، دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی ہے جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ممکنہ خودکش بمبار کی تصویر بھی جاری کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انٹیلی جنس ذرائع سے اطلاع ملی کہ ممکنہ دہشت گرد ذاکر خان ولد لائق جس کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے، دہشت گردی کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہونے کی کوشش کرے گا۔

ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ممکنہ دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر پولیس کو رپورٹ دی گئی ہے، جس کے بعد اسلام آباد میں سکیورٹی ریڈ الرٹ کرکے حفاظتی اقدامات سخت کردیے گئے ہیں۔

2421312-islamabadsuicidebombersecurityalert-1672380392-802-640x480.jpg


پولیس کے مطابق اسلام آباد کی سکیورٹی کے پیش نظر مختلف مقامات پر چیکنگ شروع کردی گئی ہے، جس کی وجہ سے عوام کو دفاتر اور کاروباری مقامات تک پہنچنے میں تاخیر کا سامنا کر پڑ سکتا ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہریوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی،
شہریوں کو مشورہ دیا کہ دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت اقدامات کے باعث دفاتر یا کاروباری مقامات پر جانے کے لیے 15 سے 20 منٹ پہلے نکلیں۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سخت چیکنگ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کی جا رہی ہے، جس پر زحمت کے لیے معذرت خواہ ہیں،شہریوں سے اپیل کی گئی کہ دوران چیکنگ اہل کاروں کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کو دیکھتے ہی فوراً پکار 15 پر اطلاع دیں۔

گزشتہ جمعہ کو بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے آئی ٹین میں پولیس کی جانب سے چیکنگ کے دوران ایک گاڑی کے ذریعے خودکش دھماکا ہوا تھا،دوسری جانب شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سارا ملک تھریٹ الرٹ میں آچکا ہے، ہم نے دہشت گردی ختم کرنی ہے کسی کی جنگ کا حصہ نہیں بننا،تیراجماعتوں کا گلدستہ مرجھا گیا یہ ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ میں پھنسے ہوئے ہیں۔