
اسرائیلی حکومت نے سیکیورٹی خدشات کی بنا پر دبئی کیلئے اپنی پروازیں منسوخ کرنے کا اشارہ دیدیا ہے۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے دبئی میں سیکیورٹی انتظامات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ایئرلائنز کیلئے پروازیں منسوخ کرنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظبی کیلئے پروازوں کو معمول کے مطابق جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم ان پروازوں کا روٹ تبدیل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔
اسرائیل سے دبئی کیلئے تین ایئر لائنز آپریٹ کرتی ہیں جن میں اسراایئر، آرکیا اور ال عال شامل ہیں، ان ایئر لائنز کیلئے دبئی کے موجودہ سیکیورٹی انتظامات کا ضابطہ اخلاق منگل کے روز ختم ہورہا ہے جس کا مطلب ہے کہ ضابطہ اخلاق میں توسیع یا منسوخی کا فیصلہ کرنے کیلئے صرف چند گھنٹوں کاوقت باقی ہے۔
https://twitter.com/x/status/1490280087735914500
تاہم مدت ختم ہونے سے پہلے ہی اسرائیلی حکومت کی جانب سے پروازوں کی منسوخی سے متعلق اشارہ ملنے کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ ضابطہ اخلاق میں توسیع نہیں کی جائے گی اور بدھ کو باضابطہ طور پر پروازیں بند کرنے کا اعلان کردیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دوران اگر دبئی اور اسرائیلی حکام سیکیورٹی معاملات پر اتفاق پیدا کرلیتے ہیں تو ضابطہ اخلاق میں توسیع بھی ممکن ہے جس کے بعد پروازیں معمول کے مطابق چلیں گی دوسری صورت میں اگر اسرائیل نے دبئی کیلئے اپنی پروازیں بند کردیں تو امارات کی ایئر لائن فلائی دبئی کو فائدہ بھی پہنچے گا کیونکہ یہ ایئر لائن اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب سے براہ راست دبئی کیلئےآپریٹ کرتی ہے۔