
سابق فوجی افسر جنرل (ر) امجد شعیب کو لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے اپنے وی لاگ میں حکومتی وفد کی اسرائیلی وفد سے ملاقات کرنے کا الزام لگانے پر نوٹس جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کچھ عرصہ قبل قطر کے دورے پر کیا تھا جس پر اظہار خیال کرتے ہوئے سابق فوجی افسر جنرل (ر) امجد شعیب نے اپنے وی لاگ میں حکومتی وفد کے اسرائیلی وفد سے ملاقات کرنے کا الزام لگایا تھا جس پر لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے نوٹس جاری کر دیا تھا اور آج الزام کے خلاف پٹیشن کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے ان سے جواب طلب کیا ہے۔
دوران سماعت عدالت نے پوچھا کہ سوشل میڈیا کے حوالے سے کوئی قانون ہے یا نہیں؟ اگر نہیں ہیں تو عدالت اس کے حوالے سے فیصلہ کرے گی۔ دوران سماعت ریمارکس دیتے ہوئے جسٹس جواد الحسن نے کہا کہ آزادی اظہار رائے پر ملک میں کوئی پابندی نہیں ہے مگر حدود قیود کا خیال رکھا جائے اور پی ٹی اے، پیمرا کے علاوہ وزارت ٹیکنالوجی کو بھی نوٹس بھجوا دیئے گئے ہیں۔ پٹیشن رہنما پیپلزلائرز فورم منصور ریاض ایڈووکیٹ نے دائر کی تھی اور موقف اختیار کیا تھا کہ جنرل (ر) امجد شعیب نے جھوٹا الزام عائد کیا ہے۔
فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے عدالت نے کیس کی سماعت 14 ستمبر تک ملتوی کی۔ پٹشنر کی درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ جنرل (ر) امجد شعیب کے پاس اگر کوئی ثبوت ہے تو پیش کریں ورنہ ان کے خلاف قانونی ایکشن لیا جائے۔ عدالتی بنچ نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب سے جواب طلب کرلیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ قوانین کی وضاحت بارے پی ٹی اے، پیمرا اور وزارت ٹیکنالوجی کو بھی نوٹس بھجوا دیئے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ دورہ قطر کے دوران وزیراعظم شہبازشریف کے حکومتی اور اسرائیلی وفد کے درمیان ملاقات کی جھوٹی خبر کے معاملے پر امجد شعیب کو چند دن قبل نوٹس کے ذریعے7 ستمبرکو طلب کیا تھا لیکن وہ ایف آئی اے سائبر کرائمز ونگ کے سامنے پیش نہیں ہوئے تھے۔ ذرائع کے مطابق اب وفاقی انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)نے لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) امجد شعیب کو دوسرا نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9FIAamjadshoaib.jpg