
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد عمر نے مائنس عمران خان فارمولا پیش کرنے والے لوگوں سے متعلق اہم انکشاف کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے اے آروائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی کو خصوصی انٹرویو دیا، دوران انٹرویو کاشف عباسی نے ان سے مائنس عمران خان پیشکش لانے والوں سے متعلق سوال کیا۔
اسد عمر نے جواب دیا کہ میں یہ نہیں بتاسکتا کہ میرے پاس یہ پیشکش لے کر کون آیا تھا، تاہم ان ضرور بتاسکتا ہوں کہ وہ لوگ فوجی نہیں تھے، میں یہ بھی یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ پیشکش انہوں نے اپنے پاس سے کی تھی یا کسی نے انہیں ہمارے پاس یہ پیشکش دینے کیلئے بھیجا تھا۔
اسد عمر نےمائنس عمران خان فارمولے سے متعلق مزید بات کرتے ہوئےکہا کہ پی ٹی آئی سے اگر عمران خان کو نکال دیں تو پیچھے کچھ نہیں بچتا، جیسےملک کو چلایا جارہا ہےاس میں ایک ہی رکاوٹ ہے اوروہ عمران خان ہیں،عالمی طاقتیں بھی عمران خان کو اپنے راستے کی رکاوٹ سمجھتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈے کے حوالے سے بات کرتے ہوئےاسد عمر نے کہا کہ تاثر دیا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی اینٹی آرمی ہے، آپ ن لیگ، پیپلزپارٹی اورجے یو آئی ف کےرہنماؤں کے فوج مخالف بیان سن لیں، ثابت ہوجائے گاکہ پی ٹی آئی سب سےبڑی محب و طن اور پاک فوج کا احترام کرنے والی جماعت ہے۔