اسحاق ڈار نے مریم نواز کی واپسی پر پیٹرول مہنگا کرکے سلامی دی، پرویز الہیٰ

perhviihh.jpg

سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے پرر دعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسحاق ڈار نے مریم نوا ز شریف کی واپسی پر پیٹرول مہنگا کرکے سلامی دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے سابق وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ سے ملاقات کی ، اس موقع پر دونوں سیاسی رہنماؤں کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بالخصوص پنجاب کے انتخابات اور وفاقی حکومت کی پالیسیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر چوہدری پرویز الہیٰ نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کا کریڈٹ میاں نواز شریف اور مریم نوازشریف کو جاتا ہے، اسحاق ڈار نے قیمتیں بڑھا کر مریم نواز شریف کو واپسی پر سلامی دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ملک میں امن و امان کی صورتحال تباہ کن ہے، جرائم کی وارداتوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، اس وقت ملک میں انتظامی گورننس نا ہونے کے برابر ہے، مہنگائی کا جن قابو سے باہر ہےمگر اس حکومت کو انتقامی کارروائیوں سے فرصت نہیں مل رہی۔

پنجاب کی نگراں حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ محسن نقوی کے دور میں مہنگائی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، اس حکومت کے دور میں عوام کو مہنگائی کے نئے طوفان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، یہ حکومت ملک کو ڈیفالٹ کی طرف لے جارہی ہے۔