
تحریک انصاف نے استعفیٰ واپس لینے کے معاملے پراپنے ایم این اے عبدالشکورشاد کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کردی اور پارٹی نے رکن قومی اسمبلی کو شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے ایم این اے عبدالشکورشاد کی جانب سے استعفیٰ واپس لینے کے معاملے پر ایکشن لیتے ہوئے اپنے رکن قومی اسمبلی کی رکنیت معطل کرتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ جس پر 7 روز کے اندر اندر جواب طلب کر لیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ نے ہاتھ سے لکھا ہوا استعفیٰ جمع کرایا اسے ٹوئٹر پر بھی پوسٹ کیا، ٹوئٹر پیغام میں واضح لکھا کہ آپ سابق ایم این اے ہیں۔ اس کے بعد این اے 246ضمنی انتخاب میں کورنگ امیدوار کی حیثیت سے کاغذات بھی جمع کرائے۔
تحریک انصاف کی جانب سے جاری شوکاز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شکور شاد آپ پارٹی پالیسی کے خلاف گئے، میڈیا میں بھی بیان دیا، سات روز میں نوٹس کا جواب دیں کہ آپکی پارٹی ممبر شپ کیوں نہ منسوخ کی جائے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں شکور شاد نے استعفیٰ منظوری کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔ جس میں کہا کہ میں نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ نہیں دیا، پارٹی ہیڈ آفس کے کمپیوٹر آپریٹر کے لکھے استعفوں پر 123 ارکان سے دستخط لئے گئے ہیں۔
عبدالشکورشاد نے عدالت میں کہا کہ یہ استعفے پارٹی ڈسپلن کے نام پر تھے، جو کہ عمران خان سے اظہار یکجہتی اور خالص سیاسی مقاصد کیلئے تھے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/3shakoorshadpartyrukniet.jpg