
احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے جون 2021 سے شروع ہونے والے دوسرے مرحلے کے دوران اب تک مستحق خاندانوں میں 34 ارب سے زائد کی رقم تقسیم کی جاچکی ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں کم آمدنی والے افراد کی مالی معاونت کیلئے شروع کیے گئے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کا دوسرا مرحلہ کامیابی سے جاری ہے۔
اس مرحلے کیلئے حکومت نے بجٹ میں 48 لاکھ روپے کے فنڈز مختص کیے تھے اور اس کا ہدف 40 لاکھ کم آمدنی والے افراد تک مالی معاونت پہنچانا تھا، اس مرحلے میں اب تک 28 لاکھ افراد کے درمیان34ارب سے زائد کی رقم تقسیم کی جاچکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے دوسرے مرحلے میں بھی مستحق افراد کو ون ٹائم12 ہزار روپے کی امداد فراہم کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق دوسرے مرحلے میں پنجاب کے 14لاکھ9 ہزار271 افراد کو مالی مدد فراہم کی گئی اور ان کے درمیان16ارب91 کروڑ روپے تقسیم کیے گئے، سندھ کے 6 لاکھ65 ہزار571 افراد میں 7ارب 98 کروڑ68 لاکھ 28 ہزار روپے تقسیم کیے گئے۔
اسی طرح6 لاکھ16ہزار632 خیبر پختونخوا کے رہائشیوں میں 7ارب29 کروڑ95لاکھ 84ہزار ،بلوچستان کے ایک لاکھ29 ہزار855افراد میں 1ارب 55کروڑ8لاکھ 60 ہزار روپے تقسیم کیے گئے، جبکہ اسلام آباد کے5 ہزار117 افراد میں 7 کروڑ 10 لاکھ4ہزار روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں ۔
حکومت نے دوسرے مرحلے میں آزاد کشمیر کے 35 ہزار 383 افراد میں 42 کروڑ 45 لاکھ 96 ہزار روپے، گلگت بلتستان کے 17 ہزار 326 افراد میں 20 کروڑ 79لاکھ12 ہزار روپے تقسیم کیے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/ehsas1111.jpg