
جیو نیوز کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں میزبان علینہ فاروق نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس سمیت دیگر امور پر گفتگو کی گئی،میزبان نے تجزیہ کار اور سینئر صحافی اطہر کاظمی سے اس حوالے سے پوچھا کہ عمران خان نے کہا کہ میرے تحفے میری مرضی، لیکن اب ان کے خلاف قانونی ریفرنس دائر کردیا گیا ہے تو کیا آپ کو لگتا ہے کہ وہ قانون سے بھی باہر نکل سکتے ہیں؟
اطہرکاظمی نے کہا کہ توشہ خانہ ہم کافی عرصے سے سن رہے ہیں لیکن نہ انہوں نے اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج کرایا نہ ہی نیب میں ریفرنس دائر کیا، اس میں قانونی مسائل ہیں، جھوٹ بھی بولا گیا، چھپایا گیا، اس پر تو پھر کرمنل کیس بنتا ہے۔
اطہر کاظمی نے کہا کہ کیا ضروری ہے اپنے من پسند ایس ایچ او کے سامنے ہی درخواست دائر کی جائے، الیکشن کمیشن سے حکومتی اتحاد کو ایسا کون ساریلیف ہے کہ تمام کیسز وہیں لے جائے جاتے ہیں، جس طرح کے قانون نیب کیلیے اسمبلی پاس کررہی ہے کہ حمزہ شہباز کمر کے درد کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوئے لیکن لندن پہنچ گئے۔
اطہر کاظمی نے کہا کہ انکے لئے عمران خان سب سے بڑا مسئلہ ہے ،یہ لوگ کسی نہ کسی طریقے سے عمران خان کو نااہل کروانا چاہتے ہیں، عمران کوئی ٹی شرٹ سائن کر دیں تو وہ کروڑوں کی بک جاتی ہے۔
دوسری جانب شیخ رشید کہتے ہیں کہ عمران خان اور پارٹی کو نااہل قراردینے والے خود پچھتائیں گے،اگست میں سجنے والا سیاسی دنگل مسائل میں اضافہ کرے گا،تیس اگست تک کا وقت اہم ہے، مستقبل کی ساری ذمہ داریاں عدلیہ کے کندھوں پرآگئیں۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کیوں نہ پی ٹی آئی کوملنے والی ممنوعہ فنڈنگ ضبط کرلی جائے،چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں کمیشن تئیس اگست کو سماعت کرے گا، توشہ خانہ میں نااہلی کے ریفرنس پر بھی نوٹس جاری کردیا گیا،عمران خان کو اٹھارہ اگست کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔